ٹریوس ہیڈ کی تاریخی سنچری، ایشز کے آخری ٹیسٹ میں شاندار ریکارڈ
Webdesk
|
6 Jan 2026
سڈنی : آسٹریلوی کرکٹر ٹریوس ہیڈ نے اپنی شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 26ـ2025 ایشز سیریز کے 5ویں اور آخری ٹیسٹ میں تاریخ رقم کر دی۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ایک یادگار سنچری اسکور کر کے اپنا نام آسٹریلوی کرکٹ لیجنڈز کی فہرست میں شامل کروا لیا۔
میچ کے تیسرے دن جارح مزاج بائیں ہاتھ کے بلے باز ٹریوس ہیڈ نے اپنی ٹیسٹ کرکٹ کی 12ویں سنچری مکمل کی جس سے حالیہ برسوں میں بطور ریڈ بال بلے باز ان کی غیر معمولی اہمیت مزید اجاگر ہو گئی،یہ سنچری انہوں نے محض 105 گیندوں پر اسکور کی، جو دباؤ کے لمحات میں بھی کھیل پر حاوی رہنے کی ان کی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
یہ جاری ایشز سیریز میں ان کی تیسری سنچری تھی، جو پورے ٹورنامنٹ میں ان کے تسلسل اور شاندار فارم کو ظاہر کرتی ہے۔ اس سنچری کی خاص بات یہ بھی تھی کہ یہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ان کی پہلی ٹیسٹ سنچری تھی۔
اس اننگز کے ساتھ ٹریوس ہیڈ نے ایک نایاب اعزاز بھی حاصل کیا، وہ آسٹریلیا کے 7 مختلف میدانوں میں ٹیسٹ سینچریاں اسکور کرنے والے دنیا کے صرف 5ویں کرکٹر بن گئے۔ اس منفرد فہرست میں سابق کپتان اسٹیو وا، اور عظیم اوپنرز جسٹن لینگر، میتھیو ہیڈن اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں۔
Comments
0 comment