عمران خان کی رہائی کیلیے امریکی صدر ٹرمپ کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج
ویب ڈیسک
|
24 Nov 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور حامیوں نے اڈیالہ جیل میں نظر بند سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لیے امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں کرو یا مرو کے احتجاج سے پہلے، امریکہ میں مقیم پی ٹی آئی کے کارکنان فلوریڈا کے پام بیچ میں مار-اے-لاگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور پارٹی کے بانی کی رہائی کے لیے مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ امریکی صدر عمران خان کی رہائی کیلیے پاکستانی حکام پر زور دیں۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے ’میں عمران خان کے ساتھ ہوں، عمران خان کو رہا کرو‘۔
مظاہرین نے جاری سیاسی عدم استحکام کے درمیان عمران خان کی رہائی کے لیے اسلام آباد جانے والے سابق وزیر اعظم اور کارکنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
پی ٹی آئی نے امریکی صدارتی مہم شروع ہونے کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی کی وکالت کی تھی، بہت سے لوگوں نے امید ظاہر کی تھی کہ دونوں سابق سربراہان مملکت کے درمیان تعلقات کی تجدید عمران خان کی جیل سے رہائی کو محفوظ بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کا کہنا تھا کہ امریکا میں پی ٹی آئی کے نمائندوں کی ٹرمپ کی ٹیم سے دو یا تین ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
ماہرین کے مطابق پی ٹی آئی ٹرمپ کی طرف اس لیے کھینچی ہے کیونکہ 2019 میں سابق وزیراعظم کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا گیا تھا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا اور دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔
دریں اثنا، ٹرمپ، ریپبلکن رہنماؤں، اور امریکہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان بات چیت نے بھی اس تاثر کو ہوا دی ہے۔
Comments
0 comment