ڈھائی لاکھ سے زائد عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے
Webdesk
|
21 May 2024
دنیا بھر سے سعودی عرب میں عازمین حج کی کثیر تعداد پہنچ رہی ہے، عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے سعودی حکومت کی جانب سے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات نے کہا ہے کہ حج سیزن کے آغاز سے اب تک مختلف ممالک سے ڈھائی لاکھ سے زائد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فضائی راستے سے قبل از حج آنے والے عازمین مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں۔فضائی راستے کے علاوہ بحری اور زمینی راستوں سے بھی عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،
محکمہ جوازات کے مطابق 19 مئی 2024 تک آنے والے عازمین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار657 تک پہنچ چکی ہے۔یومیہ بنیاد پر عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی جانب سے ایئرپورٹ پر عازمین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ جدہ حج ٹرمنل پرعازمین کی آمد کا آغاز آئندہ ہفتے سے ہوگا۔حج ایام سے قبل پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آنے والے عازمین براہ راست مدینہ منورہ آتے ہیں۔
Comments
0 comment