1 hour ago
فوج بھیجنی ضروری نہیں، حماس غیر مسلح ہوجائے گی، ٹرمپ پراُمید، فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی تعریفیں
ویب ڈیسک
|
19 Feb 2026
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ حماس معاہدے کے تحت غیر مسلح ہو جائے گا اور غزہ میں پائیدار امن قائم ہوگا۔
واشنگٹن میں غزہ امن بورڈ اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ان کے عالمی رہنماؤں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں اور وہ اجلاس میں شریک تمام سربراہان کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کو پسند کرتے ہیں اور پاکستان کے فیلڈ مارشل کو عظیم شخصیت قرار دیا۔
اپنے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے 8 جنگوں کے خاتمے میں کردار ادا کیا جبکہ ایک اور جنگ اپنے اختتام کے قریب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ امن بورڈ پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک اہم فورم ہے اور اس میں دنیا کے اہم ممالک شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا غزہ کے عوام کے لیے بہتر اور روشن مستقبل چاہتا ہے۔ امریکی صدر کے مطابق آرمینیا اور آذربائیجان نے بھی امن کا راستہ اختیار کرتے ہوئے معاہدہ کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ شدت اختیار کر رہی تھی تاہم امریکا نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے حالات کو بہتر بنانے میں مدد دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو واضح پیغام دیا گیا تھا کہ جنگ سے گریز کیا جائے۔
غزہ امن بورڈ کا اجلاس واشنگٹن میں جاری ہے جس میں پاکستان سمیت 47 ممالک شرکت کر رہے ہیں جبکہ اسرائیل اور یورپی یونین کے نمائندے بھی شریک ہیں۔
امریکی صدر نے ایران کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران خطے میں جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ 10 روز میں ایران کے ساتھ معاہدہ ہو جائے گا، بصورت دیگر ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
غزہ امن بورڈ کے اراکین کی جانب سے غزہ کے لیے 7 بلین ڈالر کا امدادی پیکج دیا جاچکا ہے، ٹرمپ
امریکی صدر نے کہا کہ امن بورڈ کے اراکین کی جانب سے 7 ارب ڈالر کا امدادی پیکج دیا جاچکا، ہر ڈالر کا خرچ استحکام میں سرمایہ کاری ہے، ہم ایک ہم آہنگ مشرق وسطیٰ چاہتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو اور غزہ میں استحکام کےلیے مختلف ممالک اپنا حصہ ڈال رہے ہیں جبکہ امریکا دس ارب ڈالر دے گا، فیفا غزہ میں منصوبوں کے لیے ساڑھے سات کروڑ ڈالر جمع کرنے میں مدد دے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایسا غزہ حاصل کرنا چاہتے ہیں جس پر مناسب طریقے سے حکومت ہو، یہ نہیں سوچیں گے کہ جنگ کے لیے فوج بھیجنی ضروری ہوگی۔
Comments
0 comment