فیلڈ مارشل انتہائی قابل احترام جنرل اور پاکستان کے سربراہ ہیں، ٹرمپ

فیلڈ مارشل انتہائی قابل احترام جنرل اور پاکستان کے سربراہ ہیں، ٹرمپ

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بڑے تصادم کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا جو ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو سکتا تھا
فیلڈ مارشل انتہائی قابل احترام جنرل اور پاکستان کے سربراہ ہیں، ٹرمپ

ویب ڈیسک

|

23 Dec 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک “انتہائی قابلِ احترام جنرل” اور سربراہ پاکستان قرار دیا ہے۔

فلوریڈا میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، جہاں ان کے ہمراہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور وزیر بحریہ جان فیلن بھی موجود تھے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بڑے تصادم کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا جو ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو سکتا تھا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ “ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ کو روک دیا۔” انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے بھی اس کردار کو تسلیم کیا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ دونوں رہنماؤں نے ان سے کہا کہ انہوں نے لاکھوں جانیں بچائیں۔

ٹرمپ کے بقول، “پاکستان کے سربراہ اور ایک انتہائی قابلِ احترام جنرل، جو فیلڈ مارشل ہیں، اور پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ایک کروڑ یا اس سے بھی زیادہ جانیں بچائیں۔”

صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران فضائی جھڑپوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران آٹھ طیارے مار گرائے گئے تھے اور جنگ مزید شدت اختیار کر سکتی تھی۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ اب تک دنیا میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کر چکے ہیں۔

یہ بیانات ایک پریس کانفرنس کے دوران دیے گئے، جس میں صدر ٹرمپ نے امریکی بحریہ کے لیے نئے “ٹرمپ کلاس” جنگی جہاز متعارف کرانے کے منصوبے کا اعلان کیا، جو بحری قوت میں اضافے کی جانب ایک قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ ماضی میں بھی کئی بار پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اپنے کردار کا ذکر کر چکے ہیں۔

دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں اور آزادی کے بعد سے اب تک تین جنگیں لڑ چکے ہیں، جبکہ بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کا تنازع آج بھی دونوں کے درمیان کشیدگی کی بڑی وجہ ہے۔

یاد رہے کہ رواں برس مئی میں دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں بعد شدید ترین فوجی تناؤ دیکھنے میں آیا تھا، جو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد پیدا ہوا تھا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!