غزہ: میں اسرائیل نے بھوک سے بلکتے اور خوراک کی تلاش میں کھڑے لوگوں پر بمباری کردی، 58 شہید

غزہ: میں اسرائیل نے بھوک سے بلکتے اور خوراک کی تلاش میں کھڑے لوگوں پر بمباری کردی، 58 شہید

اسرائیلی فوج نے خان یونس، رفح، دیر البلح اور غزہ شہر کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا
غزہ: میں اسرائیل نے بھوک سے بلکتے اور خوراک کی تلاش میں کھڑے لوگوں پر بمباری کردی، 58 شہید

ویب ڈیسک

|

4 Jun 2025

غزہ پٹی میں اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری میں امدادی مرکز کے قریب کم از کم 58 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں زیادہ تر وہ شہری تھے جو خوراک کے حصول کیلیے قطار میں کھڑے تھے۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس، رفح، دیر البلح اور غزہ شہر کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ناصر اسپتال میں 35 لاشیں پہنچیں، جن میں سے 27 رفح میں امدادی مرکز کے قریب شہید ہوئے۔  

الشفا اسپتال کو 14، الاقصیٰ شہدا اسپتال کو 6 اور العربی اہلی اسپتال کو 3 لاشیں منتقل کی گئیں۔  اس کے علاوہ جورا کے علاقے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں 4 افراد شہید  اور دیر البلح میں بمباری سے 3 مزید شہری شہید ہوئے۔ 

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے ترجمان جیریمی لارنس نے اسرائیلی کارروائیوں کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ "شہریوں کو خوراک تک رسائی سے روکنا جنگی جنون ہے۔ یہ اقدام ممکنہ طور پر جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے۔"

سیو دی چلڈرن کی غزہ ڈائریکٹر جارجیا ٹیسی نے صورتحال کو انتہائی المناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ہمارے گودام خالی ہیں، ہزاروں امدادی ٹرک سرحد پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ہم صرف بچوں کی جانیں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں نے 20 سال کے کیرئیر میں ایسا خوفناک منظر کبھی نہیں دیکھا۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "یہ نظام شاید جان بوجھ کر تباہ کیا گیا ہے۔ غزہ کے بچے اپنی آنکھوں کے سامنے ہونے والے یہ المناک واقعات کبھی نہیں بھول پائیں گے۔"

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق غزہ میں 90% سے زائد آبادی غذائی عدم تحفظ کا شکار ہے اور ان 10 میں سے 9 بچے روزانہ صرف ایک وقت کا کھانا کھا پاتے ہیں جبکہ 50% سے زیادہ صحت کی سہولیات مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!