غزہ کے 21 ہزار بچے 7 اکتوبر کے بعد سے لاپتہ، اجتماعی قبروں میں تدفین کا خدشہ
ویب ڈیسک
|
25 Jun 2024
غزہ: 7 اكتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی بربریت کے بعد سے غزہ میں اب تک 21 ہزار فلسطینی بچوں كے لاپتہ ہو نے كا انكشاف ہوا ہے۔
الجزیرہ كی رپورٹ كے مطابق بچوں كے حقوق اور فلاح وبہبود كے لیے كام كرنے والی عالمی تنظیم سیو دی چلڈرن کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غزہ جنگ كے نتیجے میں ہزاروں بچے لاپتہ ہوئے۔
تنظیم نے خدشہ ظاہر کیا کہ لاپتہ بچے یا تو تباہ شدہ عمارتوں كے ملبے تلے دبے ہیں یا انہیں كسی اجتماعی قبر میں دفنا دیا گیا ہے یا پھر انہیں اسرائیلی فوجی گرفتار كركے لے گئی ہے۔
سیو دی چلڈرن كے نمائندے كا كہنا ہے كہ یہ ہزاروں بچے دوران جنگ اپنے والدین سے بچھڑے اور ان میں بچوں كی ایک نامعلوم تعداد ہے جنہیں جبری لاپتہ كركے غزہ سے باہر لیجایا گیا جہاں ان كے ساتھ ناروا سلوک روا ركھا جا رہا ہے۔
تنظیم كے نمائندے كے مطابق غزہ میں جنگ كی صورتحال میں معلومات جمع كرنا اور ان كی تصدیق كرنا مشكل ہے مگر كم از كم 17 ہزار بچے اپنے خاندانوں سے بچھڑ گئے ہیں جب كہ 4000 بچے گھروں اور عمارتوں كے ملبے تلے دبے ہیں۔ سیو دی چلڈرن كے مطابق بچوں كی ایک بہت بڑی تعداد ایسی بھی ہے جنہیں اجتماعی قبروں میں دفنا دیا گیا ہے۔
Comments
0 comment