احمد آباد طیارہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز

ویب ڈیسک
|
13 Jun 2025
نئی دہلی: انڈیا کے سول ایوی ایشن وزیر رام موہن نائیڈو کنجراپو نے کہا ہے کہ احمدآباد طیارہ حادثے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
وزیر موصوف نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (AAIB) اس سانحے کی تفتیش کر رہا ہے۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر لکھا کہ "حکومت نے اس معاملے کی گہرائی سے جانچ کے لیے مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔"
اُن کے مطابق یہ کمیٹی نہ صرف موجودہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرے گی بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات بھی تجویز کرے گی۔
دوسری جانب طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے صدر کیلی اورٹبرگ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کمپنی کی ایک خصوصی ٹیم انڈین تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔
یاد رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ کا تیار کردہ تھا۔
واضح رہے کہ جمعرات کو احمدآباد سے لندن جانے والے ایئر انڈیا کے طیارے کے ٹیک آف کے فوری بعد گرنے سے 290 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اب تک صرف ایک مسافر کے زندہ بچنے کی تصدیق ہوئی ہے۔
Comments
0 comment