خطبہ حج 2025 اردو سمیت 35 زبانوں میں نشر ہوگا

خطبہ حج 2025 اردو سمیت 35 زبانوں میں نشر ہوگا

عربی، اردو، انگریزی، فرانسیسی، چینی، ہندی، فارسی سمیت دیگر زبانوں میں خطبہ حج نشر کیا جائے گا
خطبہ حج 2025 اردو سمیت 35 زبانوں میں نشر ہوگا

ویب ڈیسک

|

30 May 2025

مکہ مکرمہ: مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی برائے مذہبی امور نے اس سال  خطبہ حج کو  35 زبانوں میں نشر کر کے 50 لاکھ سے زائد مسلمانوں تک اسے پہنچانے کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق میدان عرفات کا خطبہ حج براہِ راست ترجمے کے ساتھ ڈیجیٹل نشر کیا جائے گا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی مسلمان اسے سن سکیں گے۔

جنرل پریذیڈنسی کے صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کے دوران اس منصوبے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پریذیڈنسی کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جس میں کلیدی شراکت داروں کے ساتھ مکمل تیاریاں کرلی گئی ہیں۔  

شیخ السدیس نے کہا:  "یہ منصوبہ خادم الحرمین الشریفین کے اعتدال کے پیغام کو عالمی سطح پر پھیلانے کی ایک کڑی ہے، سعودی عرب برداشت، رواداری اور عالمی امن کا پیغام دینے کے لیے پرعزم ہے۔"

اُن کا کہنا تھا کہ "یہ اقدام اللہ کے مہمانوں (حجاج) کی روحانی تسکین اور اسلام کے معتدل پیغام کو دنیا تک پہنچانے کے ہمارے مشن کا اہم حصہ ہے۔"

رواں سال مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید خطبہ عرفات پیش دیں گے۔ پریذیڈنسی نے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اس پیغام کو موثر طریقے سے پھیلانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔  

ماہرین کے مطابق یہ اقدام بین المذاہب ہم آہنگی* کو فروغ دے گا، دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا جبکہ ڈیجیٹل دور میں مذہبی پیغامات کی ترسیل کا جدید نمونہ بنے گا۔  

یہ منصوبہ حج کے مقدس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد اور عالمی سطح پر اسلام کے صحیح پیغام کی تشہیر کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!