1 hour ago
معاہدے کی راہ روشن، ٹرمپ کا ایران کیساتھ مستقل جنگ بندی کا عندیہ
ویب ڈیسک
|
7 May 2026
واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے جلد خاتمے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں۔
امریکی صدر نے اپنے حامیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع زیادہ دیر جاری نہیں رہے گا اور موجودہ اقدامات ایک اہم مقصد کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا، اور اب بہت سے لوگ اس مؤقف کو درست سمجھنے لگے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان مثبت نوعیت کی بات چیت ہوئی ہے، جس سے صورتحال میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔
بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران جنگ کے خاتمے سے متعلق امریکی تجویز کا جائزہ لے رہا ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کے امکانات کافی روشن ہیں اور پیش رفت کا امکان موجود ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر مذاکرات کامیاب رہے تو خطے میں کشیدگی کم ہونے اور حالات معمول پر آنے میں مدد مل سکتی ہے۔
Comments
0 comment