امریکا کے سخت فیصلے کے بعد پاکستان میں موجود افغان شہری اضطراب کا شکار

امریکا کے سخت فیصلے کے بعد پاکستان میں موجود افغان شہری اضطراب کا شکار

اس اعلان کے بعد پاکستان میں پناہ لینے والے ہزاروں افغان شہری شدید پریشانی اور خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں، جن کی امریکہ منتقلی کی واحد امید اب ختم ہو چکی ہے
امریکا کے سخت فیصلے کے بعد پاکستان میں موجود افغان شہری اضطراب کا شکار

ویب ڈیسک

|

28 Nov 2025

واشنگٹن ڈی سی میں دو نیشنل گارڈ اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کے بعد امریکی حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر افغان شہریوں کی تمام امیگریشن درخواستیں غیر معینہ مدت تک روک دی ہیں۔

اس اعلان کے بعد پاکستان میں پناہ لینے والے ہزاروں افغان شہری شدید پریشانی اور خوف میں مبتلا ہو گئے ہیں، جن کی امریکہ منتقلی کی واحد امید اب ختم ہو چکی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے کو “دہشت گردی کا عمل” قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جوبائیڈن دور میں امریکہ داخل ہونے والے افغانوں کا ریکارڈ ازسرِ نو جانچا جائے۔ فائرنگ کے چند گھنٹوں بعد امریکی امیگریشن سروس (USCIS) نے اعلان کیا کہ افغان شہریوں کی تمام امیگریشن اور اسائلم پراسیسنگ فی الحال روک دی گئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق اس فیصلے نے پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے، کیونکہ وہ پہلے ہی عدم تحفظ کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ان میں سے اکثر کا کہنا ہے کہ اب ان کے پاس محفوظ ملک جانے کا کوئی راستہ نہیں بچا۔

پاکستان میں موجود افغان صحافی احمد سمیم نعیمی جو سابق افغان حکومت میں پریس ایڈوائزر بھی رہ چکے ہیں – نے بتایا کہ خبر سن کر ان کے حواس گم ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ “ہم نے تمام سکیورٹی کلیئرنسز مکمل کر لی تھیں، لیکن اس اعلان نے ہماری امیدیں دوبارہ توڑ دی ہیں۔ اگر میں افغانستان واپس گیا تو میری گرفتاری یا موت یقینی ہے۔”

طالبان کے سخت کریک ڈاؤن کے باعث احمد اور کئی دیگر افغان صحافی، کارکن اور سابق سرکاری ملازمین پاکستان منتقل ہوئے تھے، لیکن اب پاکستان میں بھی غیر رجسٹرڈ افغان شہریوں کے خلاف کارروائیاں بڑھنے سے ان کے لیے یہاں ٹھہرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

اگرچہ طالبان حکومت بارہا یہ دعویٰ کرتی رہی ہے کہ ملک اب محفوظ ہے اور شہریوں کو بلاخوف واپس آنا چاہیے، لیکن زیادہ تر افغانوں کا کہنا ہے کہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے، اسی لیے وہ کسی بھی قیمت پر افغانستان واپسی نہیں چاہتے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!