53 mins ago
امریکا کے ایران پر حملے کے پیش نظر مشرق وسطی میں کئی ایئرلائنز کا آپریشن معطل
ویب ڈیسک
|
24 Jan 2026
امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ فوجی تصادم کے خدشات کے باعث متعدد بڑی بین الاقوامی ایئرلائنز نے مشرقِ وسطیٰ کے اہم شہروں کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر روک دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لفتھانزا، ایئر فرانس، سوئس ایئر، یونائیٹڈ ایئرلائنز، کے ایل ایم اور ایئر کینیڈا سمیت کئی ایئرلائنز نے اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے لیے فلائٹس معطل کر دی ہیں۔ یہ فیصلہ خطے میں بڑھتی ہوئی سیاسی اور عسکری کشیدگی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔
پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ جمعے کی شام شروع ہوا، جس کے فوراً بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے کی جانب بحری بیڑے کی پیش قدمی کا عندیہ دیا تھا۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی دھمکیوں نے خطے میں فضائی سفر کے حوالے سے خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔
ایئرلائنز کی جانب سے تاحال پروازوں کی بحالی کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔ بعض ایئرلائنز نے احتیاطی طور پر مشرقِ وسطیٰ کی فضائی حدود سے گریز بھی شروع کر دیا ہے تاکہ مسافروں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس صورتحال کے باعث عالمی فضائی آپریشنز متاثر ہو رہے ہیں اور مسافروں کو مزید پروازوں کی منسوخی یا روٹس میں تبدیلی کے امکان سے آگاہ کیا گیا ہے۔ عالمی ہوابازی کے اداروں نے بھی ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران اور قریبی فضائی حدود میں موجود خطرات کے پیشِ نظر حالات پر گہری نظر رکھیں۔
Comments
0 comment