مسجد الحرام: افطار میں شرکت کے خواہشمند افراد کیلئے اہم ہدایات
Webdesk
|
4 Mar 2024
سعودی حکومت کی جانب سے مسجد الحرام میں افطاری کرنے کے خواہش مند معتمرین اور عبادت گزاروں کے لیے اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق رمضان المبارک کی برکت بھری ساعتیں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گزارنے والے خوش نصیبوں کی اوّلین خواہش ان مقدس مقامات میں روزہ کھولنے کی سعادت حاصل کرنا بھی ہوتی ہے۔
سعودی حکومت کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں اور دنیا بھر سے آنے والے معتمرین اور عبادت گزاروں کے روزہ افطار کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
سعودی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں افطار کرنے کے خواہش مندوں کے لیے ایک پورٹل کا اجراء کیا گیا ہے جس کے ذریعے آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی اور اجازت نامہ دیا جائے گا۔
این او سی ملنے والے افراد کو افطار کے لیے مسجد الحرام میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
حرمین شریفین کے انتظامی امور کے نگراں ادارے کے مطابق اس پورٹل کو حرمین شریفین میں افطاری کو منظم اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سہولت دینے کے لیے بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مسجد الحرام میں افطار کے لیے درخواستیں حرمین شریفین سے متعلق انتظامی اتھارٹی کی ویب سائٹ پر بھی دی جا سکتی ہیں۔ دنیا بھر میں رمضان المبارک کا آغاز 12 مارچ سے ہونے کا امکان ہے۔
Comments
0 comment