10 hours ago
میکسیکو میں اسرائیلی سفیر کے قتل کی سازش، ایران پر الزام
ویب ڈیسک
|
8 Nov 2025
امریکا نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے میکسیکو میں تعینات اسرائیلی سفیر کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی، جس سے خدشہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مشرقِ وسطیٰ سے باہر دیگر خطوں تک پھیل سکتی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق، ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس نے گزشتہ سال کے آخر میں مبینہ طور پر یہ قتل کی سازش تیار کی، جسے اس سال کے آغاز میں ناکام بنا دیا گیا۔
ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ “سازش کو بروقت ناکام بنا دیا گیا ہے اور اب کوئی جاری خطرہ موجود نہیں۔” تاہم، انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ سازش کو کیسے ناکام بنایا گیا یا اس میں کون ملوث تھا۔
رپورٹ کے مطابق، یہ منصوبہ ممکنہ طور پر یکم اپریل 2024 کو دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے بعد تیار کیا گیا، جس میں پاسدارانِ انقلاب کے کئی سینئر افسران ہلاک ہو گئے تھے۔
اس واقعے کے بعد، اسرائیل نے ایران کے اندر فضائی حملوں میں تیزی لائی، جن میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے، جب کہ امریکا نے بھی ایران کے اہم جوہری مقامات کو نشانہ بنانے میں حصہ لیا۔
دوسری جانب، ایران نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔ ایرانی مشن برائے اقوامِ متحدہ نے کہا کہ وہ اس معاملے پر “فی الحال کوئی مؤقف نہیں دے رہا۔”
واضح رہے کہ ایران طویل عرصے سے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی حمایت کرتا آ رہا ہے، جو 2007 سے غزہ کی حکمران جماعت ہے۔
Comments
0 comment