14 hours ago
اقوام متحدہ کے سربراہ کا اسرائیل کے نئے آپریشن پر اظہار تشویش، فوری جنگ بندی کا مطالبہ

ویب ڈیسک
|
17 May 2025
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں زمینی کارروائیوں میں توسیع کے منصوبوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
عرب لیگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گوتیرس نے کہا کہ "میں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں زمینی کارروائیوں کے توسیعی منصوبوں پر سخت تشویش میں ہوں۔" انہوں نے واضح کیا کہ "اقوام متحدہ کسی ایسے آپریشن میں حصہ نہیں لے گا جو بین الاقوامی قانون اور غیر جانبداری کے اصولوں کی پاسداری نہ کرے۔"
سیکرٹری جنرل نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر بھی زور دیا کہ "میں غزہ کی آبادی کو جبری طور پر ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کے کسی بھی منصوبے کو سختی سے مسترد کرتا ہوں۔"
انہوں نے اس موقع پر بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ اور علاقے میں فوری انسانی امداد کی راہ ہموار کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب غزہ پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے صورتحال کو انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے فوری انسانی مداخلت کی اپیل کی ہے۔
گوتیرس نے مزید کہا کہ "بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اس بحران کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔"
Comments
0 comment