قیامت کی نشانی؟ سعودی عرب کے پہاڑ سرسبز ہوگئے
ویب ڈیسک
|
6 Sep 2024
سعودی عرب کے صحرائی علاقے مکہ میں بارشون کے بعد پہاڑ سرسبز ہوگئے جس کے باعث خوبصورت اور دلکش نظارے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
سعودی عرب میں گزشتہ ہفتے شروع ہونے والی شدید بارش اور گرج چمک کے بعد مکہ کے پہاڑ سبز ہو گئے، پہاڑوں کی تصاویر انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔
ان تصاویر میں مکہ کے پہاڑوں کو سرسبز و شاداب دکھایا گیا ہے، یہ ایک ایسا نظارہ ہے جسے مسلمان قیامت کے قریب آنے کی علامت کے طور پر تعبیر کرتے ہیں۔
مکہ مکرمہ سے آنے والی ویڈیوز میں زائرین کو طوفانی بارش اور آسمانی بجلی کے درمیان عمرہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ مدینہ منورہ میں سڑکوں پر پانی بھر گیا، کاریں بھی بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں۔
موسمی حالات کی نگرانی اور ان سے نمٹنے کے لیے ہزاروں کارکن مسجد الحرام اور مسجد نبوی (ص) میں تعینات کیے گئے تھے۔ ملک کی وزارت حج و عمرہ نے بارش کے دوران مسجد الحرام میں حج کرنے والے عازمین کے لیے ہدایات جاری کیں اور کہا کہ لوگ بڑے گروپوں کی صورت میں سفر سے گریز کریں، برقی سیڑھیوں اور راہداریوں پر احتیاط برتنے اور سیکیورٹی عملے کی ہدایات پر عمل کریں۔
شدید موسمی حالات نے سعودی حکام کو رہائشیوں اور زائرین کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کرنے پر مجبور کیا، اور ان پر زور دیا کہ وہ ایسے علاقوں سے گریز کریں جہاں پانی کھڑا ہوتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق، سعودی ہلال احمر شدید موسمی حالات اور اس کی صورت حال سے نمٹنے کیلیے ہائی الرٹ پر تھا، کیونکہ قومی مرکز برائے موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی تھی۔
Comments
0 comment