1 hour ago
سعودی صحافی جمال خاشقجی کی اہلیہ منظر عام پر آگئیں، معافی اور معاوضے کا مطالبہ
ویب ڈیسک
|
19 Nov 2025
واشنگٹن میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے بعد مقتول صحافی جمال خاشقجی کی بیوہ حنان الاتر خاشقجی نے ایک مرتبہ پھر اپنے شوہر کے قتل پر باقاعدہ معافی اور مالی معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔
حنان الاتر نے کہا کہ ولی عہد کا یہ کہنا کہ قتل ’’بڑی غلطی‘‘ تھا کافی نہیں، انہیں ذاتی طور پر سامنے آ کر معافی مانگنی چاہیے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جمال خاشقجی کی زندگی ان کے لیے سب کچھ تھی، وہ بہادری سے اپنی رائے دیتے تھے، اُن سے اختلاف ہو سکتا تھا مگر اُن کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے قتل کسی صورت درست نہیں تھا۔
انہوں نے امریکی صدر سے اپیل کی کہ وہ سعودی قیادت سے مالی تصفیہ دلوانے میں ان کی مدد کریں، کیونکہ خاشقجی کے قتل کے بعد ان کی ذاتی اور معاشی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اگر ریاض کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا چاہتا ہے تو انسانی حقوق اور انصاف کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
حنان الاتر نے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ ولی عہد کو واشنگٹن میں ریاستی رہنما کی طرح پروٹوکول ملتے دیکھنا ان کے لیے انتہائی تکلیف دہ لمحہ تھا۔ ان کے مطابق اگر جمال خاشقجی آج زندہ ہوتے تو شاید وہ خود محمد بن سلمان سے اصلاحات اور اپنے خیالات پر بات کرتے۔
انہوں نے کہا کہ جمال خاشقجی اپنے ملک کے لیے بہتر مستقبل اور نئی سوچ لانا چاہتے تھے، مگر ان کی آواز ہمیشہ کے لیے خاموش کر دی گئی۔ حنان الاتر کے مطابق وہ اب بھی ’’حقیقی انصاف‘‘ کی منتظر ہیں۔
Comments
0 comment