2 hours ago
سابق وزیر اعظم انتقال کرگئیں
ویب ڈیسک
|
30 Dec 2025
بنگلادیش کی سابق وزیرِاعظم اور اپوزیشن جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیاء طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ ان کی جماعت نے منگل کے روز ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
بی این پی کے مطابق خالدہ ضیاء 80 برس کی تھیں اور منگل کی صبح فجر کی نماز کے فوراً بعد تقریباً 6 بجے اس دنیا سے رخصت ہوئیں۔ پارٹی نے اپنے بیان میں انہیں ایک قومی رہنما قرار دیتے ہوئے عوام سے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق خالدہ ضیاء کئی عرصے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں جن میں جگر کی شدید خرابی، گٹھیا، ذیابیطس، دل اور سینے کے امراض شامل تھے۔ ان کی صحت گزشتہ چند ماہ کے دوران مزید بگڑ گئی تھی، جس کے باعث انہیں نومبر کے آخر میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم بھرپور طبی کوششوں کے باوجود ان کی حالت سنبھل نہ سکی۔
قابلِ ذکر ہے کہ شدید بیماری اور ماضی میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود خالدہ ضیاء نے گزشتہ نومبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ فروری 2026 میں متوقع عام انتخابات سے قبل انتخابی مہم میں حصہ لیں گی۔ یہ انتخابات گزشتہ سال کی عوامی تحریک کے بعد ہونے جا رہے تھے، جس کے نتیجے میں ان کی دیرینہ سیاسی حریف شیخ حسینہ اقتدار سے الگ ہو گئی تھیں۔
بی این پی کو آئندہ انتخابات میں ایک مضبوط سیاسی قوت سمجھا جا رہا تھا، تاہم خالدہ ضیاء کی بگڑتی صحت نے ان کی سیاسی سرگرمیوں کو محدود کر دیا تھا۔
ان کے آخری ایام میں عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے بھی قوم سے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی اور انہیں ملک کے لیے ایک بااثر اور متاثر کن شخصیت قرار دیا تھا۔
خالدہ ضیاء کے انتقال سے بنگلادیشی سیاست میں ایک اہم باب ختم ہو گیا ہے، اور ان کی وفات پر ملک بھر میں سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment