2 hours ago
سال نو کی تقریب کے دوران بار میں اتشزدگی، 40 ہلاکتیں
ویب ڈیسک
|
1 Jan 2026
سوئٹزرلینڈ کے مشہور اور پُرتعیش اسکی ریزورٹ قصبے کرانس مونٹانا میں نئے سال کی رات ایک ہجوم سے بھرے بار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے۔
مقامی پولیس نے واقعے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
پولیس کے مطابق نئے سال کی تقریبات کے دوران نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک سیاحتی بار میں آگ لگ گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں کئی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور متاثرین کو امداد فراہم کی گئی۔
سوئس میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ پر موجود ایک ڈاکٹر نے ہلاکتوں کی تعداد درجنوں ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
بعض مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد 40 کے قریب جبکہ زخمیوں کی تعداد 100 سے زائد ہو سکتی ہے، تاہم حکام نے ابھی تک سرکاری طور پر تعداد کی تصدیق نہیں کی۔
پولیس ترجمان گیٹن لاتھین نے بتایا کہ واقعے سے قبل ایک نامعلوم نوعیت کا دھماکہ بھی ہوا تھا، جو رات تقریباً ڈیڑھ بجے لی کانسٹیلیشن نامی بار میں پیش آیا، جہاں نئے سال کی تقریب کے لیے 100 سے زائد افراد موجود تھے۔
سوئس میڈیا نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آگ شاید ایک کنسرٹ کے دوران آتش بازی کے استعمال سے لگی ہو، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے کئی گھنٹے بعد بھی علاقے میں ایمبولینسوں کی آمد و رفت جاری رہی۔ پولیس نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کرانس مونٹانا کے علاقے کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے اور فضائی حدود میں نو فلائی زون بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔
Comments
0 comment