اسرائیل کی غزہ میں پھر سے بربریت

اسرائیل کی غزہ میں پھر سے بربریت

رفح میں ڈرون حملے میں تین پولیس اہلکار شہید ہوئے
اسرائیل کی غزہ میں پھر سے بربریت

ویب ڈیسک

|

17 Feb 2025

رفح: اسرائیلی فوج نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رفح کے علاقے میں ڈرون حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

حماس کے ترجمان کے مطابق، یہ پولیس اہلکار امدادی ٹرکوں کے داخلے کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کیے گئے تھے۔ انہوں نے اس حملے کو جنگ بندی معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔  

حماس نے اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل خطے میں امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔

حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنے شہیدوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گا اور اسرائیل کے خلاف ہر ممکن اقدام کرے گا۔ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں نے غزہ کے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جہاں پہلے ہی انسانی بحران سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف فوری اقدامات اٹھائے۔  

دوسری جانب، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران روبیو نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف واضح ہے کہ حماس کو کسی بھی صورت میں عسکری یا حکومتی قوت کے طور پر تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، "حماس کا مکمل خاتمہ ہوگا، کیونکہ یہ تنظیم خطے میں امن کے لیے خطرہ ہے۔"  

روبیو نے مزید کہا کہ خطے میں عدم استحکام کا واحد سبب ایران ہے، جس کی پالیسیاں اور سرگرمیاں علاقائی امن کو برباد کر رہی ہیں۔ انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ اپنی جارحانہ پالیسیوں کو ترک کرے اور خطے میں امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرے۔  

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بار پھر غزہ جنگ کے مقاصد حاصل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی قسم کے خطرے کو برداشت نہیں کرے گا۔  

 

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!