اسرائیلی بربریت میں مزید درجنوں فلسطینی شہید، 200 سے زائد زخمی

ویب ڈیسک
|
11 Jun 2025
اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں منگل کی صبح سے اب تک 37 بے گناہ فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
صہیونی فوج نے غزہ شہر کے جنوب میں نیٹزاریم کوریڈور کے قریب امدادی مرکز پر جمع شہریوں کو نشانہ بنایا، جہاں 19 معصوم فلسطینی شہید ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق، اسرائیلی ڈرونز نے بھوکے فلسطینیوں پر فائرنگ کی جو صرف خوراک حاصل کرنے آئے تھے۔
شمالی غزہ کے جبالیا میں صہیونی فضائی حملے میں مزید 12 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ خان یونس میں ایک بے گھر خاندان کے خیمے پر بمباری کر کے تین افراد کو قتل کر دیا گیا۔ دیر البلح میں گھروں اور ریڈ کریسنٹ کی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے بھی تین معصوم جانوں کو ضائع کر دیا گیا۔
صہیونی مظالم کے تحت غزہ میں اب تک 54,900 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت معصوم خواتین اور بچوں کی ہے۔ عالمی ادارے مسلسل خبردار کر رہے ہیں کہ غزہ کی آبادی قحط، بے گھری اور بنیادی ضروریات کی شدید کمی کا شکار ہے۔
یاد رہے کہ عالمی عدالتوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع گالانٹ کے خلاف جنگی جرائم اور نسل کشی کے الزامات پر گرفتاری وارنٹ جاری کیے ہیں۔ اسرائیل کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں بھی نسل کشی کے مقدمے کا سامنا ہے۔
Comments
0 comment