2 hours ago
ٹرمپ کے حامی کی اسلام مخالف ریلی میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور نذر آتش کرنے کی کوشش
ویب ڈیسک
|
20 Nov 2025
ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی اور دائیں بازو کے سخت گیر ریپبلکن سینیٹ امیدوار جےک لینگ نے مشی گن کے شہر ڈیئربورن میں ایک اسلام مخالف ریلی کے دوران قرآن پاک کو جلانے کی کوشش کی، جسے ایک مسلم شخص نے بروقت مداخلت کرکے ناکام بنا دیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو، جو آزاد صحافی بریندن گٹن شوگر نے شیئر کی، میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جےک لینگ ہاتھ میں لائٹر فلوئیڈ لیے قرآن پاک کو زمین پر پھینک دیتا ہے۔ اسی دوران ایک مسلمان شخص آگے بڑھ کر مقدس کتاب اٹھا لیتا ہے تاکہ اسے جلنے سے بچایا جا سکے۔
ویڈیو میں واضح طور پر سنا جا سکتا ہے کہ مسلم مرد انتہا پسند سیاستدان سے کہتا ہے:
“یہ نہ جلاؤ، تم اسے نہیں جلا سکتے۔”
اس کے باوجود جےک لینگ باز نہ آیا اور دعویٰ کیا کہ اس کے پاس قرآن کی ایک اور کاپی بھی ہے۔ اس نے مزید اشتعال انگیزی کرتے ہوئے قرآن پاک پر بیکن (سور کا گوشت) کا پیکٹ پٹخ دیا، جس پر مسلمان شخص نے اسے مقدس کتاب کا احترام کرنے کی وارننگ دی۔
صورتحال جلد ہی کشیدگی سے بھر گئی اور وہاں موجود کئی افراد نے کتاب واپس لینے کی کوشش میں جےک لینگ سے ہاتھا پائی شروع کر دی۔ آخرکار ایک شخص قرآن پاک کو محفوظ طریقے سے وہاں سے لے گیا۔
جےک لینگ پہلے بھی اسلام مخالف رویے کا اظہار کرتا رہا ہے۔ وہ 2021 میں امریکی کانگریس پر حملے میں ملوث تھا اور سابق صدر ٹرمپ نے ہی اسے صدارتی معافی دی تھی۔
پولیس اور مقامی حکام نے صورتحال پر قابو پا لیا، جبکہ امریکا بھر میں اس واقعے کی مذمت کی جا رہی ہے۔
Comments
0 comment