2 hours ago
ٹرمپ نے مسلمان گروپ کو دہشت گرد قرار دے دیا
ویب ڈیسک
|
25 Nov 2025
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نیا ایگزیکٹو آرڈر جاری کرتے ہوئے مسلم برادر ہُڈ کی مخصوص شاخوں کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کے باضابطہ عمل کا آغاز کر دیا ہے۔
ٹرمپ حکومت اسے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے “اہم پیش رفت” قرار دے رہی ہے۔
ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق، امریکی قومی سلامتی ٹیم کے مرکزی ارکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان شاخوں کی جانچ پڑتال کریں جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ خطے میں شدت پسندی کی کارروائیوں کو تقویت دیتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اور خزانچی سیکریٹری اسکاٹ بسینٹ کو ابتدائی قانونی و انتظامی کارروائیاں شروع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
حکم نامے میں دونوں عہدیداران کو یہ بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اٹارنی جنرل اور ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس کے ساتھ مل کر ایک جامع رپورٹ تیار کریں، جس میں یہ جائزہ لیا جائے گا کہ لبنان، مصر اور اردن میں سرگرم برادر ہُڈ کی شاخیں امریکی قانون کے مطابق دہشت گرد قرار دی جانے کی معیار پر پوری اترتی ہیں یا نہیں۔
وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری فیکٹ شیٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسلم برادر ہُڈ مشرقِ وسطیٰ میں بعض ایسے گروہوں کی پشت پناہی کرتی ہے جنہیں امریکہ اور اس کے اتحادی اپنے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل ہی ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ریاست بھر میں مسلم برادر ہُڈ اور کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR) پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ملک میں آزادانہ مذہبی سرگرمیوں اور شہری آزادیوں سے متعلق ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
حکومتی فیصلے کے حامی اسے “قومی سلامتی کے لیے ناگزیر قدم” قرار دے رہے ہیں، جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیاسی بنیادوں پر کیا گیا ہے اور اس سے امریکی مسلمانوں کے شہری حقوق متاثر ہو سکتے ہیں۔
Comments
0 comment