3 hours ago
وینزویلا کے قریب امریکی کارروائی علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہے، ایران
Webdesk
|
16 Nov 2025
تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ وینیزویلا کے قریب امریکی کارروائی علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہے ۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہاکہ کیریبین اور لاطینی امریکا میں امریکی فوجی سرگرمیوں میں اضافے کے سنگین اور غیر مستحکم نتائج سامنے آ سکتے ہیں، جو عالمی امن و سلامتی کو متاثر کر سکتے ہیں۔
ترجمان نے وینیزویلا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکی اقدامات خطے کے حالات کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔
دو روز قبل امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے مغربی نصف کرے میں سدرن اسپیئرکے نام سے ایک کانٹر نارکوٹکس فوجی آپریشن کا اعلان کیا تھا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق وینیزویلا کی قانونی حکومت کے خلاف امریکی طاقت کے استعمال کی دھمکیاں کھلی قانونی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے مختلف بین الاقوامی اداروں کی ان رپورٹوں کا حوالہ دیا جن میں کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں امریکی فوج کے ماہی گیر کشتیوں پر حملوں کو بلا جواز اور ماورائے عدالت قتل قرار دیا گیا ہے۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ امریکہ منشیات کی اسمگلنگ کے مسئلے کو بہانہ بنا کر وینیزویلا کی خودمختاری پر حملہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ ایسے اقدامات سے روکے جو عالمی امن کو نقصان پہنچاتے ہوں اور جارحانہ یکطرفہ پالیسیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوں۔
Comments
0 comment