13 hours ago
ایران کیساتھ معاہدہ ایک بہترین ڈیل ہوگی، ٹرمپ
Webdesk
|
25 May 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات بہتر سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور اگر کوئی معاہدہ ہوا تو وہ تمام فریقین کے لیے فائدہ مند ہوگا، بصورت دیگر صورتحال دوبارہ کشیدگی کی طرف جا سکتی ہے۔
اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ یا تو ایک “بہترین ڈیل” ہوگا یا پھر کوئی ڈیل نہیں ہوگی، جس کے بعد حالات دوبارہ محاذ آرائی کی طرف جا سکتے ہیں، تاہم ان کے مطابق کوئی بھی فریق جنگی صورتحال نہیں چاہتا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ہفتے کے روز ان کی خطے کے متعدد رہنماؤں سے گفتگو ہوئی جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، پاکستان، ترکیہ، مصر، اردن اور بحرین کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان ممالک کے ساتھ بات چیت کے دوران یہ مؤقف سامنے آیا کہ اگر ایران سے کوئی معاہدہ طے پاتا ہے تو خطے کے کئی ممالک کو ابراہیمی معاہدوں کا حصہ بننا چاہیے۔
امریکی صدر کے مطابق ابراہیمی معاہدے میں شامل ممالک کو معاشی اور سماجی سطح پر نمایاں فوائد حاصل ہوئے ہیں اور اگر مزید ممالک اس میں شامل ہوتے ہیں تو مشرقِ وسطیٰ میں استحکام اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب اور قطر کی شمولیت اس عمل کو مزید تاریخی بنا سکتی ہے، جبکہ ایران کے شامل ہونے کی صورت میں یہ معاہدہ مزید اہمیت اختیار کر جائے گا۔
ان کے مطابق اگر ممالک اس عمل کا حصہ نہ بنے تو یہ ان کے منفی ارادوں کی نشاندہی ہوگی، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے کے رہنما امن اور ترقی کے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔
Comments
0 comment