زہران ممدانی کا محنت کش طبقے کیلیے اعلان

زہران ممدانی کا محنت کش طبقے کیلیے اعلان

میئر بننے کے بعد ممدانی نے محنت کش طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کا عزم دہرایا ہے
زہران ممدانی کا محنت کش طبقے کیلیے اعلان

ویب ڈیسک

|

2 Jan 2026

نیو یارک سٹی کے نو منتخب میئر زوہران ممدانی نے جمعرات کو اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا اور عہد سنبھالتے ہی محنت کش خاندانوں کے لیے شہر کو زیادہ قابلِ برداشت بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

سٹی ہال میں منعقدہ عوامی حلف برداری کی تقریب میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ اپنی پہلی تقریر میں زوہران ممدانی نے کہا کہ وہ “وسیع اور جرات مندانہ انداز” میں حکمرانی کریں گے اور اپنی انتخابی مہم کے بنیادی وعدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔

ان وعدوں میں یونیورسل چائلڈ کیئر، مفت بس سروس، کرایوں پر پابندی، اور سستے گھروں کی تعمیر میں اضافہ شامل ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت کسی ارب پتی یا طاقتور طبقے کے مفادات کی نمائندہ نہیں ہوگی۔

ممدانی کا کہنا تھا کہ “ہم صرف نیویارک کے عوام کو جواب دہ ہوں گے، کسی ایسے طبقے کو نہیں جو سمجھتا ہے کہ وہ جمہوریت خرید سکتا ہے۔”

تقریب میں سینیٹر برنی سینڈرز بھی شریک ہوئے جنہوں نے ممدانی کی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر فرد کے لیے سستی رہائش کو یقینی بنانا کوئی انتہا پسندانہ سوچ نہیں بلکہ ایک درست اور انسانی اقدام ہے۔

کانگریس وومن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز نے حلف لینے کی رسم ادا کی اور نئی انتظامیہ کے معاشی منصوبوں کی تائید کی۔ اس موقع پر شرکا کی جانب سے “امیر طبقے پر ٹیکس لگاؤ” کے نعرے بھی لگائے گئے۔

دوسری جانب ری پبلکن جماعت اور بعض ناقدین نے ممدانی کی پالیسیوں کو حد سے زیادہ قرار دیا ہے۔ ری پبلکن مہم کے ترجمان مائیک مارینیلا نے انہیں “ریڈیکل سوشلسٹ” قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے فیصلے ڈیموکریٹس کے لیے قومی سطح پر نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔

نائب میئر ڈین فولیان کے مطابق نئی اصلاحات کے لیے مالی وسائل امیر طبقے پر ٹیکس بڑھا کر حاصل کیے جائیں گے، تاہم نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے زیادہ انکم ٹیکس پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ری پبلکن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ پالیسیاں شہر کی معیشت پر دباؤ ڈال سکتی ہیں اور ریاستی و وفاقی حکومت کے ساتھ تعلقات پیچیدہ بنا سکتی ہیں۔

اس کے باوجود نیویارک کے شہریوں میں نئی انتظامیہ سے امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔ عوام کا خیال ہے کہ یہ اقدامات بڑھتی مہنگائی اور رہائشی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

ریاستی اسمبلی کے رکن سے نیویارک کے میئر بننے تک زوہران ممدانی کا سفر مقامی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی کی علامت سمجھا جا رہا ہے، اور ان کی حکومت کو محنت کش طبقے کے حق میں طاقت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!