22 hours ago
پولیس ایکشن پر پشاور کے پشپا ٹک ٹاکر نے معافی مانگ لی

ویب ڈیسک
|
5 Mar 2025
بھارتی فلم پشپا کے ہیرو سے متاثر ہوکر ٹک ٹاکر پر اسلحہ لہرانے، دھمکی آمیز اور غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والے ٹک ٹاکر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پشاور پولیس نے ایک نوجوان ٹک ٹاکر کو گرفتار کیا، جو دھمکی آمیز اور غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتا تھا۔ تفتیش کے دوران نوجوان نے اپنے کیے پر معافی مانگتے ہوئے ایسی ویڈیوز بنانے سے توبہ کر لی۔
پشاور کیپیٹل پولیس کے مطابق، ماصل نامی نوجوان ٹک ٹاکر تحصیل گورگٹھڑی میں بچوں کے لیے خوف کی علامت بن گیا تھا۔
وہ انڈین فلم کے کردار ’پشپا‘ کی طرز پر ویڈیوز بنا کر لوگوں کو دھمکیاں دیتا تھا۔ شہریوں کی شکایات پر تھانہ کوتوالی نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
تفتیش کے دوران نوجوان نے اپنے کیے پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ کسی کو تنگ نہیں کرے گا اور نہ ہی ایسی ویڈیوز اپلوڈ کرے گا جن سے کسی کی دل آزاری ہو۔
اس نے کہا کہ وہ صرف مذاق کے لیے ویڈیوز بناتا تھا، لیکن کچھ لوگوں نے اسے غلط رنگ میں پیش کیا۔
پولیس نے نوجوان کی معافی قبول کرتے ہوئے اسے وارننگ دے کر رہا کر دیا، کیونکہ اس کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا۔ پولیس نے واضح کیا کہ اگر وہ دوبارہ ایسی حرکت کرتا ہے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
پشاور کیپیٹل پولیس نے ٹک ٹاک پر اسلحے کی نمائش کرنے والے ٹک ٹاکرز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ تھانہ پہاڑی پورہ اور فقیرآباد میں پولیس نے ایسے نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ اسلحے کی نمائش سنگین جرم ہے اور نوجوانوں کو تفریح کے نام پر ایسی حرکات سے گریز کرنا چاہیے۔
Comments
0 comment