شرارتی بلی نے استعفی ای میل کر کے لڑکی کی ملازمت اور بونس ختم کروادیا
ویب ڈیسک
|
24 Jan 2025
چین میں شرارتی بلی کی اچھل کود کیوجہ سے خاتون کی ملازمت چلی گئی۔
چین سے ایک دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون کی بلی نے غلطی سے ملازمت سے استعفی کی ڈرافٹ ای میل سینٹ کردی۔
خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ای میل کے ڈرافٹ میں احتیاطاً استعفے کی ای میل لکھ کر رکھی ہوئی تھی جس میں دفتر کے اعلیٰ حکام کو ٹیگ کیا ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ لیپ ٹاپ ٹیبل پر رکھ کر گھر کا کام کررہی تھیں کہ اس دوران بلی کے بچے نے شرارت میں کود ماری اور پھر وہ کیبورڈ پر کودا۔ جس کے نتیجے میں ای میل دفتر کو موصول ہوگئی۔
ساوتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ چین کے جنوب مغربی علاقے چونگ کنگ میں پیش آیا، جہاں 25 سالہ خاتون نے 5 جنوری 2025 کو استعفیٰ اپنے ای میل کے ڈرافٹ میں محفوظ کر رکھا تھا۔ تاہم، وہ اسے بھیجنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھیں کیونکہ وہ اپنے پالتو جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے اپنی ملازمت پر انحصار کر رہی تھیں۔
خاتون کے مطابق، ان کے گھر کے سیکیورٹی کیمرے نے وہ لمحہ ریکارڈ کر لیا جب ان کی بلی میز پر آ کر لیپ ٹاپ کے انٹر بٹن پر دباؤ ڈالتی ہے، جس کے نتیجے میں ای میل باس کو بھیج دی گئی۔
جب خاتون کو اس بات کا علم ہوا تو انہوں نے فوراً اپنے باس کو فون کر کے وضاحت دینے اور بلی پر الزام ڈالنے کی کوشش کی، لیکن باس نے ان کی بات کو نظرانداز کر دیا۔ نتیجتاً، خاتون نہ صرف اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھیں بلکہ ان کا سالانہ بونس بھی ضائع ہو گیا۔
یہ دلچسپ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور لوگوں کے درمیان نہ صرف ہنسی کا سبب بن رہا ہے بلکہ بلیوں کی شرارتوں پر دلچسپ تبصرے بھی ہو رہے ہیں۔
Comments
0 comment