چین کا کراچی میں ٹرک تیار کرنے کیلیے پلانٹ لگانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
|
19 May 2025
چین کی اسمارٹ ٹرک بنانے والی کمپنی نے جلد کراچی میں پلانٹ لگانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت اور چین کے اشتراک سے کراچی میں منی ٹرک اسمبل پلانٹ قائم کیا جائے گا جس سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سندھ حکومت اور چین کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت کراچی میں جلد ہی منی ٹرک کی اسمبل لائن قائم کی جائے گی، جس سے نہ صرف مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پاکستان میں گاڑی سازی کے شعبے کو بھی فروغ ملے گا۔
چین میں منعقدہ ایک تقریب میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر چینی کمپنی چیری ہولڈنگ اور پیڈی ٹیکنالوجی لمیٹڈ کے اشتراک سے تیار کردہ "سپر منی ٹرک" کی رونمائی کی گئی، جو جدید ٹیکنالوجی اور ماحول دوست خصوصیات کا حامل ہے۔
سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چینی سرمایہ کار کراچی میں اس منصوبے پر کام کرنے پر رضامند ہو چکے ہیں، جس سے نہ صرف کاروباری افراد کو فائدہ ہوگا بلکہ مقامی سطح پر ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت صنعتی تعاون کی ایک اہم کڑی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے یہ بھی اعلان کیا کہ سندھ بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جو صوبے میں پائیدار ٹرانسپورٹ کے نظام کو فروغ دیں گے۔
سپر منی ٹرک کی خصوصیات
شرجیل میمن نے کہا کہ سپر منی ٹرک کو شہری اور دیہی علاقوں میں نقل و حمل کے مسائل کے حل کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ گاڑی نہ صرف سستی اور پائیدار ہے بلکہ اسے آسانی سے ایک چھوٹی کار (سپر منی کار) میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ یہ جدید انجینئرنگ، ذہین ڈیزائن اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کا بہترین امتزاج ہے، جو پاکستان میں ہلکی کمرشل گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کو گاڑی سازی کے شعبے میں ایک اہم علاقائی مرکز بنانے کی طرف پہلا قدم ہے۔
سندھ حکومت اس سلسلے میں ضوابطی معاونت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مقامی افرادی قوت کی تربیت سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے چیری ہولڈنگ کے چیئرمین ین تونگیو کی دوراندیش قیادت کی تعریف کی۔ اس موقع پر وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ اور بجٹ پیٹرولیم انویسٹمنٹ ہولڈنگز کے سی ای او زاہد بشیر بھی موجود تھے۔
Comments
0 comment