گروناناک کی 555ویں سالگرہ پر یادگاری سکہ جاری کرنے کا اعلان
ویب ڈیسک
|
23 Nov 2024
اسٹیٹ بینک آف پاکستان سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک دیو جی کے 555 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر 55 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرنے کا اعلان کردیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے یہ اعلان حکومت کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کا 555واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری پاکستان آئے ننکانہ صاحب میں موجود ہیںْ
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سکہ نکل اور پیتل، تانبہ 79 فیصد، زنک 20 فیصد اور نکل ایک فیصد کی دھاتوں کے آمیزش سے تیار ہوگا جس کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.5 گرام ہوگا۔
سکے کے سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے، جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔
ستارے اور ہلال کے اوپر سکّے کے کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ”اسلامی جمہوریہ پاکستان“ کے الفاظ کندہ ہیں۔ چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپرعددی صورت میں اجرا کا سال 2024 درج ہے۔
ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکّے کی مالیت جلی اعداد میں ”55“ اور اردو رسم الخط میں ”روپیہ“ تحریر ہے۔ سکے کے عقب میں شری گرونانک دیو جی کی یادگار کی تصویر دی گئی ہے۔
یادگار کے اوپر ”555th Birthday Celebrations“ اور یادگار کی عمارت کے نیچے ”SRI GURU NANAK DEV JI“ تحریر ہے جبکہ سکے کے نچلے کنارے کے ساتھ ”1469-2024“ درج ہے جو ان کے یومِ پیدائش سے اب تک کی مدت کی عکاسی کرتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مملکتِ پاکستان مختلف مذہبی شناختوں کی وارث ہے۔
واضح رہے کہ بابا گرونانک دیو جی، سکھ مذہب کی روایت کے بانی، اس سرزمین پر پیدا ہونے والی اُن عظیم ترین شخصیات میں سے ایک ہیں جو اب پاکستان کا حصہ ہے۔ سکھ مت ایک عالمی مذہب ہے جس کے دنیا بھر میں لاکھوں پیروکار ہیں، اور اس کے مقدس ترین مقامات پاکستان میں واقع ہیں۔
یہ سکّہ 22 نومبر 2024ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے تبادلہ کاو?نٹرز کے ذریعے جاری کیا جا رہا ہے۔
Comments
0 comment