نئے مالی سال کے مسلسل چوتھے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوگیا
Webdesk
|
26 Jul 2024
کراچی: نئے مالی سال کے مسلسل چوتھے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ جاری ہے۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی 0.17 فیصد مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 20.09 فیصد ہوگئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ حالیہ ہفتے 8 اشیا سستی اور24 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ایک ہفتے میں چکن 4.80 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ لہسن 2.01، دال چنا 1.87 اور انڈے 1.71 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ حالیہ ہفتے بیف 0.93 اورگڑ کی قیمت میں 0.89 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ دال مونگ 0.84 اور تازہ دودھ کی قیمت 0.45 فیصد بڑھ گئی ہے۔
اس کے علاوہ جلانے والی لکڑی 0.23 اور سیگریٹس کی قیمت میں 0.12 فیصد کا اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 9.19 اورپیاز 2.14 فیصد سستی ہوگئی۔
جبکہ کیلے 0.53 اورآٹے کی قیمت میں 0.35 فیصد کمی ہوئی ہے۔آلو کی قیمت میں 0.17 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ حالیہ ہفتے ایل پی جی کی قیمت 1.04 فیصد کم ہوئی ہے۔
Comments
0 comment