سونا غریب کی پہنچ سے مزید دور، قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
ویب ڈیسک
|
12 Jan 2026
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے نتیجے میں سونا اور چاندی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 77 ڈالر کے اضافے کے بعد 4 ہزار 586 ڈالر کی نئی بلند سطح پر جا پہنچی۔
عالمی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی واضح طور پر نظر آئے۔
مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 7 ہزار 700 روپے کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 80 ہزار 962 روپے ہو گئی۔
اسی طرح فی دس گرام سونا 6 ہزار 602 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 12 ہزار 347 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی 430 روپے اضافے کے ساتھ 8 ہزار 895 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آ گئی، جبکہ فی دس گرام چاندی کی قیمت 369 روپے بڑھ کر 7 ہزار 626 روپے ہو گئی۔
صرافہ بازار کے ماہرین کے مطابق عالمی معاشی بے یقینی اور سرمایہ کاروں کے محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
Comments
0 comment