ہما سلیم کا معروف کرکٹر پر ہراسانی اور دھمکیوں کا الزام

ہما سلیم کا معروف کرکٹر پر ہراسانی اور دھمکیوں کا الزام

آئندہ چند روز میں مزید تفصیلات سامنے لانے کا عندیہ بھی دیا۔
ہما سلیم کا معروف کرکٹر پر ہراسانی اور دھمکیوں کا الزام

Webdesk

|

16 Jul 2026

کراچی:  پاکستانی اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے ایک معروف کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیوں، کردار کشی اور ذہنی اذیت پہنچانے کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔

تاہم انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں متعلقہ کرکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا۔ہما سلیم نے انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں دعوی کیا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا مذکورہ شخص سے کوئی رابطہ نہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں مسلسل دھمکیوں، ہراسانی اور ذہنی دباو کا سامنا ہے۔

اداکارہ کے مطابق جب بھی وہ اپنی زندگی اور پیشہ ورانہ امور میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں تو مختلف طریقوں سے انہیں پریشان کیا جاتا ہے۔

 انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے اہلِ خانہ، دوستوں اور پیشہ ورانہ ساتھیوں سے بھی رابطہ کرکے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، جس کے منفی اثرات ان کے کام پر بھی مرتب ہوئے۔

ہما سلیم نے کہا کہ وہ ایک توہین آمیز اور ذہنی اذیت پر مبنی تعلق میں رہیں اور طویل عرصے تک خاموشی اختیار کیے رکھی، تاہم اب مزید خاموش رہنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے اس معاملے میں دستیاب شواہد متعلقہ فورمز اور ضرورت پڑنے پر عوام کے سامنے بھی پیش کریں گی، جبکہ آئندہ چند روز میں مزید تفصیلات سامنے لانے کا عندیہ بھی دیا۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب قانونی راستے اختیار کریں گی۔واضح رہے کہ ہما سلیم نے اپنی پوسٹ میں کسی کرکٹر کا نام نہیں لیا، جبکہ خبر فائل ہونے تک ان کے الزامات کے حوالے سے کسی کرکٹر یا اس کے نمائندے کی جانب سے کوئی باضابطہ موقف یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔ اس لیے ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!