19 hours ago
پاکستان کی کرپٹو کونسل کے چیف ایڈوائزر بلال بن ثاقب کا تعارف

Webdesk
|
5 Mar 2025
کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی اپنانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت پاکستان نے بلال بن ثاقب کو کرپٹو کونسل کا چیف ایڈوائزر مقرر کر دیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بلال بن ثاقب کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وسیع مہارت اور جدید خیالات پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لئے کارگر ثابت ہوں گے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حکومت نے بلال بن ثاقب کو پاکستان کرپٹو کونسل میں وزیر خزانہ کے مشیر کے طور پر تعینات کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ٹیکنالوجی میں ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایک مضبوط پالیسی کا اطلاق ہے تاکہ ملکی معیشت، ڈیجیٹل تبدیلی اور تمام شہریوں کے لیے محفوظ اور شفاف مالی نظام کویقینی بنایا جاسکے۔
بلال بن ثاقب کو فوربز نے تیس سال سے کم عمر کے 30 نمایاں شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے، وہ ویب 3 سرمایہ کار، اسٹرٹیجک مشیر اور بلاک چین کی دنیا کے معروف رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
کنگ چارلس تھری، آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم اور میئر آف لندن نے کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
بلال کو 2023میں برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ بھی دیا گیا جو ملک میں تبدیلی لانے والے لوگوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتاہے۔
بلال بن ثاقب کو نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس)کے لئے ان کی خدمات پر ایم بی ای(ممبر آف دی برٹش ایمپائر)کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
بلال بن ثاقب اہم عہدے پر فائز ہونے کے بعد ملکی مالیاتی نظام میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجیز کے انضمام کے لئے اپنے وسیع علم اور تجربے کو بروئے کار لائیں گے، ان کا مقصد ایک مضبوط اور عالمی معیار کے مطابق ڈیجیٹل اثاثوں کے لئے ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
Comments
0 comment