لیاری مخالف فلم دھرندھر کیخلاف سماعت، کراچی پولیس کو نوٹس جاری

لیاری مخالف فلم دھرندھر کیخلاف سماعت، کراچی پولیس کو نوٹس جاری

عدالت نے مقدمہ درج نہ کرنے پر پولیس نے جواب طلب کرلیا
لیاری مخالف فلم دھرندھر کیخلاف سماعت، کراچی پولیس کو نوٹس جاری

ویب ڈیسک

|

16 Dec 2025

بھارتی فلم ’’دھرندھر‘‘ کے خلاف پاکستان کو بدنام کرنے، تشدد اور دہشت گردی کے مناظر دکھانے کے الزام پر دائر درخواست پر سیشن کورٹ نے پولیس کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

درخواست گزار پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن محمد عامر نے فوجداری ضابطۂ کار کی دفعات 22 اے اور 22 بی کے تحت عدالت سے رجوع کیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فلم کے ٹریلر اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مناظر دیکھنے کے بعد یہ واضح ہوتا ہے کہ فلم پاکستان مخالف مواد پر مبنی ہے اور ملک کی منفی تصویر پیش کی جا رہی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق فلم میں پاکستان پیپلزپارٹی کو دہشت گردوں کا ہمدرد دکھایا گیا ہے، جبکہ کراچی کے علاقے لیاری کو ’’دہشت گردوں کا جنگی علاقہ‘‘ بنا کر پیش کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم میں پیپلزپارٹی کا جھنڈا اور محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر بھی بغیر اجازت استعمال کی گئی، جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔

محمد عامر نے عدالت کو بتایا کہ فلم کے مندرجات سے پاکستان کو دہشت گرد ریاست کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جو قابلِ اعتراض اور اشتعال انگیز عمل ہے۔

ان کے مطابق فلم کی تیاری، پروڈکشن اور تقسیم میں ملوث افراد پر ہتکِ عزت، مجرمانہ دھمکی، فسادات پر اکسانے اور مختلف گروہوں کے درمیان نفرت پھیلانے جیسے الزامات عائد ہوتے ہیں۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تھانہ درخشاں کے ایس ایچ او کو تحریری درخواست دی گئی تھی، تاہم پولیس نے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا۔

عدالت سے استدعا کی گئی کہ متعلقہ پولیس افسر کو مقدمہ درج کرنے اور معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کا حکم دیا جائے۔ سیشن کورٹ نے ابتدائی سماعت کے بعد پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!