فیکٹ چیک، کیا حکومت نے یوم تشکر پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے؟

ویب ڈیسک
|
15 May 2025
حکومت نے معرکہ حق اور بُنیان مرصوص میں عظیم کامیابی پر سرکاری سطح پر 16 مئی کو یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے۔
یوم تشکر کے حوالے سے دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوگا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
اس کے علاوہ مزارِ قائد اور مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی خصوصی تقریب ہوگی۔ وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
ملک بھر میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے جائیں گے اور دعائیہ تقاریب ہوں گی۔
آپریشن بنیان مرصوص کے شہداء کے لواحقین سے ملاقاتیں کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ یوم تشکر کے حوالے سے مرکزی تقریب پاکستان مونومنٹ، اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی ، جس میں وزیراعظم پاکستان مہمان خصوصی ہوں گے۔
تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور مختلف مکاتب فکر کی نمایاں شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
معاملہ کیا ہے؟
یوم تشکر کا اعلان ہوتے ہی سماجی رابطے کی سائٹ پر حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹی فکیشن میں دعویٰ کیا گیا کہ حکومت نے یوم تشکر کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کے تحت نجی و سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
حقیقت جانیے!
وزارت اطلاعات و نشریات نے یوم تشکر یعنی کل 16 مئی کو حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی عام تعطیل دینے کی تردید کی ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ یوم تشکر کے حوالے سے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا اور تعلیمی و کاروباری ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔
اطلاعات و نشریات نے مزید واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا نوٹی فکیشن جعلی ہے۔
Comments
0 comment