کیا بانی ایم کیو ایم کی بیٹی سیاست میں آرہی ہے؟ حقیقت جانیے
عمیر دبیر
|
4 Oct 2024
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے لندن میں مقیم بانی الطاف حسین گزشتہ کئی عرصے سے عتاب کا شکار ہیں، ریاستی سختیوں اور غیر اعلانیہ پابندیوں کے باعث اُن کی سیاست گراؤنڈ پر ماضی کے مقابلے میں کمزور پڑ چکی ہے۔
حال ہی میں بانی ایم کیو ایم نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے گزشتہ کئی سالوں سے عائد اپنی تقریر و تصویر پر پابندی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی اور وکلا کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
افضا الطاف کی سیاست میں انٹری کا دعویٰ
اب ایک خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ الطاف حسین کی صاحبزادی افضا الطاف سیاسی میدان میں قدم رکھنے جارہی ہیں اور وہ جلد پاکستان آکر اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گی۔
خبر کے مطابق افضا نے اپنی پڑھائی مکمل کرلی ہے اور وہ بانی ایم کیو ایم کی ہدایت پر جلد پاکستان آئیں گی اور اپنے آبائی حلقے عزیز آباد سے ایم کیو ایم پاکستان کے ٹکٹ پر الیکشن بھی لڑیں گی۔
اس خبر کے سامنے آنے کے بعد مختلف قسم کے تبصرے اور تجزیے جبکہ صارفین کی آرا سامنے آئیں۔
حقیقت کیا ہے؟
افضا الطاف کی خبر سامنے آنے کے بعد ایم کیو ایم کے لندن میں مقیم ترجمان نے وضاحت کی کہ الطاف حسین مورثیت اور مورثی سیاست کے خلاف ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے طویل جدوجہد بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد و بانی مورثیت کے سخت خلاف ہیں اس لیے انہوں نے یا اُن کے کسی گھر والے نے کبھی الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ آن لائن نیوز ایجنسی کی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے، جسے ایک خاص ایجنڈے کے تحت بنایا گیا، افضا الطاف نہ پاکستان آرہی ہیں اور نہ ہی سیاست میں قدم رکھیں گی۔
ایم کیو ایم ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد کی آن لائن ایجنسی میں شائع ہونے والی خبر گمراہ کن ہے، نشریاتی ادارے اور اخبارات تصدیق کے بعد ہی خبریں شائع کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک الطاف حسین حیات ہیں ہم اُن کے علاوہ کسی کو اپنا قائد نہیں مان سکتے اور اُن کے فرمان کی روشنی و ہدایت پر ہی عمل کرنے پر کاربند ہیں۔
Comments
0 comment