پاکستان میں ہائی بلڈ پریشر کا تیزی سے مرض پھیلنے لگا، نوجوان شدید متاثر
ویب ڈیسک
|
29 Dec 2023
ماہرین صحت نے جمعرات کو خبردار کیا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کی خاموش وبا سے 30 لاکھ پاکستانی متاثر ہوچکے ہیں اور ان میں بڑی تعداد 18 سے 29 سال کی عمر کے نوجوانوں کی ہے۔
ماہرین صحت کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 18 سے 29 سال کی عمر کے نوجوانوں میں ہائی بلڈپریشر کا مرض حیران کن طور پر 23 فیصد پھیل چکا ہے۔
صحت کے ماہرین نے اس مرض کے نوجوانوں میں پھیلنے کی وجہ بھی بیان کی اور بتایا کہ غیر صحت بخش خوراک اور ورزش کی کم عادت یہ دو بلڈ پریشر بڑھنے کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔
ماہرین صحت نے پاکستان میں ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسے خطرناک قرار دیا اور بتایا کہ 45 سال سے زائد عمر کی خواتین اس مرض میں مبتلا ہیں جبکہ وہ اپنے مرض کے بارے میں جانتی تک نہیں ہیں۔
انہوں نے بیماری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے صحت مند خوراک، دیکھ بھال اور روک تھام کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ صحت مند طرز زندگی کی عادات کو اپنانے سے ہائی بلڈ پریشر کے بڑھنے کے امکانات کو ممکنہ طور پر کم کیا جا سکتا ہے اور اگر پہلے سے ہی بلند ہو جائے تو اسے کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی ایک تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 13-15 سال کی عمر کے 82.8% لڑکے اور 87.3% لڑکیاں کافی فعال نہیں۔ ایک اور تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 54.3 فیصد پاکستانی نوعمر جسمانی طور پر غیر فعال ہیں جبکہ اسکولوں میں کھیل کے میدانوں کی کمی اور والدین کی مدد کی کمی جیسے عوامل جسمانی طور پر غیرفعالیت سے منسلک ہیں۔
Comments
0 comment