صحت کے شعبے میں پاکستان کی خدمات کا اعتراف، ڈبلیو ایچ او نے بھی تسلیم کرلیا

ویب ڈیسک
|
20 May 2025
پاکستان نے عالمی سطح پر صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت (WHO) کی جانب سے ٹریکوما کے خاتمے کے لیے اعلی اعزاز حاصل کیا ہے۔
ٹریکوما ایک بیکٹیریل آنکھوں کی بیماری ہے جو اگر علاج نہ کیا جائے تو ناقابلِ تلافی نابیناری کا سبب بن سکتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے جنیوا میں منعقدہ 78ویں عالمی صحت اسمبلی کے دوران پاکستان کی کامیابی کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کو اس سرٹیفیکیشن سے نوازا۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم گیبریئسس نے یہ اعزاز پیش کیا۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اسے قوم کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا، "یہ کامیابی ہماری حکومت کی ہر پاکستانی شہری کی بینائی اور صحت کے تحفظ کے لیے عزم کی غماز ہے۔ یہ ہماری صحت عامہ کے نظام کی مضبوطی کی علامت ہے۔"
انہوں نے کہا کہ ٹریکوما کا خاتمہ صحت عامہ کی ایک بڑی کامیاب تصور کی جاتی ہے، جو مربوط صحت کی حکمت عملیوں، عوامی سطح کی کوششوں اور مضبوط بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ممکن ہوئی ہے۔
یہ اعزاز پاکستان کی روک تھام والی بیماریوں کے خلاف پائیدار اور جامع صحت کیلیے اقدامات کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیر صحت نے پولیو کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا، "جس طرح ہم نے ٹریکوما کا خاتمہ کیا ہے، اسی طرح ہم پولیو کو بھی تاریخ کا حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔"
جنیوا میں جاری 78ویں عالمی صحت اسمبلی میں دنیا بھر سے صحت کے رہنما اور پالیسی ساز شریک ہیں، جو وبائی تیاری، عالمی صحت کا احاطہ اور غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ جیسے اہم مسائل پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق، وزیر صحت مصطفیٰ کمال اس فورم پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ملک کی حالیہ صحت کی ترقی کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہے ہیں۔
Comments
0 comment