5 hours ago
بھارت: پنجابی گلوکارہ اغواء کے بعد قتل
Webdesk
|
20 May 2026
ممبئی: بھارت میں پنجابی گلوکارہ اندر کور کو بیرون ملک سے آئے قاتل نے قتل کر کے لاش نہر میں پھینک دی گئی جسے پولیس نے برآمد کر لیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 29 سالہ اندر کور کو ان کے کینیڈا میں رہنے والے ایک دوست اور اس کے ساتھیوں نے اغوا کے بعد قتل کیا اور لاش کو نہر میں پھینک دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ قتل کے مرکزی ملزم سکھویندر نے واردات کو انجام دینے کیلیے کینیڈا سے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سفر کیا، اس کے گرفتار ساتھیوں سے تفتیش کے مطابق وہ پہلے 30 اپریل کو نیپال کے دارالحکومت کاٹھمنڈو پہنچا اور وہاں سے بھارت آیا، قتل کی واردات کو انجام دینے کے بعد وہ دوبارہ کینیڈا فرار ہوگیا۔
پولیس نے سکھویندر کے والد پریتم سنگھ اور ایک ساتھی کرم جیت سنگھ کو گرفتار کیا، مرکزی ملزم نے مبینہ طور پر 13 مئی کو اندر کور کو گن پوائنٹ پر اغوا کیا اور پھر اسے قتل کیا، بعدازاں ملزمان نے لاش کو نیلون نہر میں بہا دیا۔
پولیس افسر دلویری سنگھ نے بتایا کہ سکھویندر کا کینیڈا سے کاٹھمنڈو کا ہوائی ٹکٹ 29 اپریل کیلیے بک تھا، وہ 2 مئی کو بھارت پہنچا، 13 مئی کو قتل کیا اور اسی رات دوبارہ کاٹھمنڈو فرار ہوگیا، پولیس نے مقتولہ کی کار بھی نہر سے نکال لی۔
مقتولہ اور مبینہ قاتل کا رابطہ لگ بھگ تین سال پہلے انسٹاگرام پر ہوا تھا جب اندر کور پنجابی میوزک انڈسٹری میں قدم جمانے کی کوشش کر رہی تھیں، وقت کے ساتھ دونوں ایک رشتے میں بندھ گئے۔ تاہم بعد میں گلوکارہ کو معلوم ہوا کہ سکھویندر پہلے سے شادی شدہ ہے اور اس کے دو بچے ہیں۔
وہ یہ رشتہ ختم کرنا چاہتی تھیں لیکن سکھویندر ان سے شادی کرنے پر اصرار کر رہا تھا، بریک اپ کو قبول نہ کرتے ہوئے سکھویندر نے کینیڈا میں ہی اس قتل کی سازش تیار کی۔
مقتولہ کے بھائی گریندر پال سنگھ نے بتایا کہ سکھویندر کینیڈا کے شہر کیلگری میں کنسٹرکشن کا بزنس کرتا ہے، اس کے کہنے پر اندر کور نے گانا چھوڑ دیا تھا لیکن اب وہ دوبارہ میوزک انڈسٹری میں واپسی کا پلان بنا رہی تھیں۔
Comments
0 comment