افغانی ہونے کے شک پر ارشد چائے والا کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک

ویب ڈیسک
|
9 Apr 2025
لاہور: پاکستان کے معروف سوشل میڈیا اسٹار اور "چائے والا" کے نام سے مشہور ارشد خان کی شہریت نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے منسوخ کر دی ہے۔
ارشد خان کے مطابق، جب انہوں نے اپنے قومی شناختی کارڈ کی تجدید کروانے کے لیے نادرا سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ ان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیے گئے ہیں۔
نادرا کے مطابق، اگر ارشد خان اپنی شہریت بحال کروانا چاہتے ہیں تو انہیں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ان کے والدین 1978 سے قبل پاکستان میں رہائش پذیر تھے۔ یہ اقدام اس بنیاد پر لیا گیا ہے کہ ارشد خان پشتون النسل ہیں، اور نادرا کو شبہ ہے کہ وہ افغان شہری ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ 1979 میں سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کے بعد پاکستان میں لاکھوں افغان مہاجرین آئے تھے۔
ارشد خان نے اپنی شہریت بحال کرنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے، جس پر عدالت نے نادرا کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ اس دوران، شناختی کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے ارشد خان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے کاروبار کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
ارشد چائے والا سوشل میڈیا پر اپنے منفرد انداز کی وجہ سے مقبول ہیں اور ان کے لاکھوں فالوورز ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں ہی پیدا ہوئے ہیں اور ان کے خاندان نے کبھی افغانستان کا رخ نہیں کیا۔
Comments
0 comment