ملک کی معروف گلوکارہ دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں
Webdesk
|
12 Aug 2024
کراچی: کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے میوزک بینڈ زیب اینڈ ہانیہ سے وابستہ معروف پاکستانی گلوکارہ ہانیہ اسلم خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔
گلوکارہ زیب النساء المعروف زیب بنگش نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر جاری کی گئی اسٹوری میں اپنی کزن اور گلوکارہ ہانیہ اسلم کے انتقال کی تصدیق کی۔
زیب بنگش نے بتایا کہ گلوکارہ ہانیہ گزشتہ روز 11 اگست کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کرگئیں۔ہانیہ اسلم کے انتقال پر پاکستانی میوزک انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر دعائیہ پیغامات جاری کرتے ہوئے ہانیہ اسلم کی مغفرت کے لیے دعا کی اور ان کے اہلخانہ کے صبر و جمیل کے لیے بھی اللہ تعالی سے دعا کی۔
واضح رہے کہ ہانیہ اسلم اور ان کی کزن زیب بنگش نے سال 2007 میں میوزک بینڈ زیب اینڈ ہانیہ کی بنیاد رکھی تھی جبکہ انہیں سال 2008 میں کوک اسٹوڈیو کے سیزن 2 میں اپنے گانیپیمانہ سے شہرت ملی تھی۔
کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے کے بعد، ہانیہ اسلم سال 2014 میں تعلیم مکمل کرنے کے لیے کینیڈا چلی گئی تھیں، پھر انہوں نے سال 2016 میں کینیڈا سے ہی اپنے سولو کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔
ہانیہ اسلم نے کینیڈا سے واپس پاکستان آنے کے بعد مختلف فلموں میں بطور میوزک کمپوزر اپنی خدمات سرانجام دیں۔
Comments
0 comment