23 ہزار سے زائد پاکستانیوں کا بیرون ملک جیلوں میں قید ہونے کا انکشاف
ویب ڈیسک
|
20 Feb 2024
بیرون ممالک جانے والے 23 ہزار سے زائد پاکستانیوں کا جیلوں میں قید ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جن میں سے 12 ہزار سے زائد صرف سعودی عرب جبکہ 706 بھارت کی جیلوں میں قید ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس چیئرمین سینیٹر ولید اقبال کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آبادمیں ہوا، کمیٹی اجلاس میں وزارت خارجہ نے بیرون ممالک قید پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کیں۔
چیئرمین کمیٹی نے وزارت خارجہ کے اعداد و شمار شمار کمیٹی کو پڑھ کر سناتے ہوئے بتایاکہ 23 ہزار 456 پاکستانی بیرون ممالک میں قید ہیں، جن میں سے سعودی عرب میں 12 ہزار 156، متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار292، عراق میں 519 اور قطر میں 338 پاکستانی قید ہیں۔
بحرین میں ساڑھے چار سو پاکستانی، برطانیہ میں 330 امریکا میں 44، ترکیہ میں308،ملائیشیا میں 255، اٹلی میں330، ایران میں 100، کویت میں 59 پاکستانی قیدی ہیں۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ بھارت میں 706، یونان میں811، چین میں 400، افغانستان میں 88 پاکستانی قیدی ہیں۔
ان 23 ہزار 456 میں سے 15 ہزار 587 قیدی سزایافتہ ہیں اور 7ہزار 869 پاکستانیوں کے خلاف مقدمات زیر سماعت ہیں۔
کمیٹی نے وزارت خارجہ کو 90 روز کے اندر بیرون ملک میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلیے کونسلر پروٹیکشن پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
Comments
0 comment