عدالت نے صرف کرسچن لکھنے پر پابندی عائد کردی
ویب ڈیسک
|
10 Dec 2025
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سرکاری و نجی محکموں میں خاکروب کی آسامیوں کے اشتہارات میں ’صرف کرسچن‘ لکھنے کی شرط لگانے کو امتیازی قرار دیتے ہوئے اس پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق اب ان آسامیوں کے اشتہارات میں ’’صرف مسیحی‘‘ کے بجائے عام شہری کا لفظ استعمال کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ ملازمتوں میں مذہبی بنیادوں پر ہونے والی تقسیم کے خاتمے کے لیے دیا گیا ہے۔
جسٹس انعام امین منہاس نے ملک بھر میں صفائی اور سیوریج کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کی حالتِ کار، سہولیات کی کمی اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے سنگین خدشات کا اظہار کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ سیوریج لائنوں میں زہریلی گیس اور خطرناک ماحول کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ تشویشناک ہے، جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
عدالت کے اس اہم فیصلے کا مقصد نہ صرف تمام شہریوں کو یکساں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے بلکہ سیوریج اور صفائی کے شعبے میں کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت، عزت اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانا بھی ہے۔
Comments
0 comment