عمران خان نے شہباز شریف کی مذاکرات کی پیش کش قبول کرلی

ویب ڈیسک
|
15 May 2025
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیش کش قبول کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان بات چیت پر رضامند ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بات چیت کا ٹاسک دے دیا ہے، پہلے مرحلے میں چار رکنی کمیٹی حکومت سے مذاکرات کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت سے ہونے والے مذاکرات اور اس کے شور شرابے کو میڈیا سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف اور عمران خان نے بھارتی جارحیت پر سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان نے پیر کے روز اڈیالہ میں ملاقات کیلئے آئے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو مذاکرات کی اجازت دی۔ تاہم سابق وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ مذاکرات ٹی وی کیمروں سے دور ہوں تاکہ بامعنی نتائج کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے عمران خان کا پیغام وزیراعظم کو پہنچانے کی تصدیق کردی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بھی مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جب عمران خان راضی ہیں تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔
Comments
0 comment