عمران خان پانچ سال میں کروڑوں پتی بن گئے، اثاثوں کی تفصیلات

عمران خان پانچ سال میں کروڑوں پتی بن گئے، اثاثوں کی تفصیلات

عمران خان کے 2018 سے 2023 کے دوران اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ سے 31 کروڑ سے زائد ہوگئی
عمران خان پانچ سال میں کروڑوں پتی بن گئے، اثاثوں کی تفصیلات

ویب ڈیسک

|

30 Dec 2023

پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم پانچ سال کے دوران کروڑ پتی ہوگئے اور اُن کے اثاثوں کی مالیت میں 27 کروڑ 72 لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے ساتھ اپنے اثاثوں کی تفصیلات بھی پیش کی ہیں جو انہوں نے ایف بی آر میں ظاہر کیں۔

تفصیلات کے مطابق سال 2018ء میں عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے تھی اور حالیہ کاغذات نامزدگی کے مطابق 2023 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ59 لاکھ 50ہزار روپے سے زائد ہے۔

اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق عمران خان کو لاہور کے زمان پارک میں 7 کنال کا گھر وراثت میں ملا جس کی تعمیر پر چار کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہوئے، بنی گالہ میں 300 کنال اراضی تحفے میں ملی اور اس کی تزئین و آرائش، قانونی کروانے میں 39 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

ظاہر کردہ اثاثوں کے مطابق عمران خان اسلام آباد کے علاقے مہرہ نور میں 50 لاکھ مالیت سے زائد کی 6 کنال 16 مرلے اراضی کے مالک ہیں جبکہ اسلام آباد کے شاپنگ پلازہ میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دکان بھی ان کی ملکیت ہے۔

پانچ سال کے دوران عمران خان نے 3 کروڑ چالیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا دو کمروں کا فلیٹ بھی اسلام آباد کے پلازے میں ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھکر میں وراثت میں ملی 188 کنال اراضی بھی کاغذات میں ظاہر کی ہے۔

کاغذات نامزدگی کے مطابق عمران خان کسی ایک گاڑی کے مالک نہیں ہیں، عمران خان کے پاس 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کیش دستی موجود ہے۔

اسلام آباد کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ظاہر کی گئی ہے۔ دو لاکھ روپے کی چار بکریاں بھی تفصیلات میں بتائی گئی ہیں۔ توشہ خانہ سے خریدی گئی قیمتی اشیاء کی قیمت 1 کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار سے زائد ظاہر کی گئی۔

عمران خان نے اہلیہ بشری بی بی کے نام پاکپتن اور دیپال پور میں 698 کنال اراضی ظاہر کی ہے۔ بشری بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر بھی عمران خان کے کاغذات میں ظاہر کیا گیا ہے۔ عمران خان نے ایف بی آر کو 2021ء میں 14 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد اثاثے ظاہر کیے۔ ایک سال کے دوران 2022ء میں اثاثوں کی مالیت بڑھ کر 32 کروڑ روپے سے زائد ہو گئی۔

ایف بی آر سرٹیفکیٹ کے مطابق عمران خان نے 2023ء میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59 لاکھ روپے ظاہر کی۔ عمران خان نے اپنی تعلیمی قابلت پولیٹیکل سائنس میں بی اے ظاہر کی ہے۔ عمران خان نے موجودہ پیشہ فلنتھروپسٹ ظاہر کیا ہے۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!