آپریشن میں پی ٹی آئی کے 17 کارکن مارے گئے، دی گارڈین کا دعویٰ
Webdesk
|
28 Nov 2024
اسلام آباد میں حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے کارکنوں میں ہلاکتوں کی تعداد انتہائی متنازعہ ہے، یہاں تک کہ خود پی ٹی آئی کے اندر بھی اس حوالے سے تضادات ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے سب سے زیادہ ہلاکتوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے 278 کارکن مارے گئے۔ پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما سلمان اکرم راجہ نے 20 اموات کا بتایا۔
برطانوی اخبار، دی گارڈین نے بدھ کی رات کے ایک مضمون میں 17 اموات کی اطلاع دی، مزید الزام لگایا کہ حکومت نے ہسپتال کا ریکارڈ ضبط کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی کے حامی یوٹیوبر نے 105 ہلاکتوں کا دعویٰ کیا، جب کہ اسلام آباد میں مقیم کچھ صحافیوں نے چار سیکیورٹی اہلکاروں سمیت آٹھ ہلاکتوں کی اطلاع دی۔
اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال کے ڈاکٹروں نے مبینہ طور پر پی ٹی آئی کارکن کی لاش اس کے بھائی کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ پارٹی قیادت نے ابھی تک غمزدہ خاندان کو مدد فراہم نہیں کی۔
ہلاک ہونے والے کی شناخت شفیق لوند کے نام سے ہوئی جو ڈیرہ غازی خان سے ہے، جو مبینہ طور پر 26 نومبر کو دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے احتجاج پر سکیورٹی فورسز کے کریک ڈان کے دوران مارا گیا تھا۔
Comments
0 comment