آزاد کشمیر کے بحران پر اہم پیش رفت، بلاول بھٹو کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا جواب موصول
ویب ڈیسک
|
1 Aug 2026
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ بحران کے حل کی کوششوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور انہیں جوائنٹ کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (جے کے جے اے اے سی) کی جانب سے ان کے خط کا باضابطہ جواب موصول ہوگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے بتایا کہ انہوں نے خط میں ٹروتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن کے قیام کی تجویز دی تھی، جس پر کمیٹی نے نہ صرف جواب دیا بلکہ اپنی سفارشات بھی ارسال کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر قیمتی جان کا ضیاع قومی سانحہ ہے اور اس وقت ان کی اولین ترجیح موجودہ بحران کا خاتمہ، متاثرہ عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی اور آزاد جموں و کشمیر میں معمولاتِ زندگی کی جلد بحالی ہے۔
بلاول بھٹو کے مطابق وہ اس بات کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مجوزہ کمیشن کو مسئلے کے حل کے لیے ایک ممکنہ ادارہ جاتی راستہ تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی اس کمیشن کی توثیق کر چکی ہے، جبکہ کمیٹی کی تجاویز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں وہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سے مشاورت کریں گے، جو وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے ابتدائی رائے حاصل کریں گے تاکہ کسی متفقہ اور قابلِ عمل لائحہ عمل پر پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
Comments
0 comment