عمران خان کو الشفا اسپتال میں کہاں رکھا جائے گا؟ تفصیلات سامنے آگئیں
ویب ڈیسک
|
20 Aug 2026
اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
عدالتی حکم پر عمران خان کی جیل منتقلی کی تیاریاں جاری ہیں، ذرائع کے مطابق عمران خان کو ہسپتال کے ایف بلاک کی چوتھی منزل پر منتقل کیا جائے گا، جہاں انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بلاک کی چوتھی منزل ہسپتال کا خصوصی انتظامی و طبی حصہ ہے۔ یہاں گردوں اور جگر کے مریضوں کے لیے مختلف طبی ٹیسٹ کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی ماضی میں اسی بلاک میں رکھا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو بلند فشار خون کے علاوہ آنکھوں اور پٹھوں میں درد کی شکایات بھی ہیں، جس کے پیش نظر ان کے طبی معائنے اور علاج کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں۔
شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی انتظامیہ کو عمران خان کی ممکنہ منتقلی سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی 18 اگست کو عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا عبوری حکم دیا تھا۔
الشفا کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات
عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے پیش نظر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جانے کی توقع ہے۔ ہسپتال کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی سخت کرنے اور عمران خان کی آمد و رفت کے لیے خصوصی حفاظتی حصار قائم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی جانب سے بھی مریضوں، عملے اور آنے والے افراد کی حفاظت کے لیے مختلف حفاظتی انتظامات موجود ہیں، جن میں سیکیورٹی چیک پوائنٹس، نگرانی اور محدود رسائی والے دروازے شامل ہیں۔
طبی ٹیم اور اہل خانہ کی اڈیالہ جیل آمد
ذرائع کے مطابق عمران خان کی طبی ٹیم سے وابستہ ڈاکٹر فیصل نے بھی اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی، جبکہ ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ کی بھی جیل میں ملاقات ہوئی۔
دوسری جانب علیمہ خان بھی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر پہنچیں، جہاں عمران خان کی صحت اور ممکنہ ہسپتال منتقلی کے حوالے سے صورتحال پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
حکومت کی جانب سے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف نظرثانی درخواست بھی دائر کی جاچکی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیل سے باہر کسی قیدی کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے قانونی طریقہ کار موجود ہے۔
Comments
0 comment