کراچی میں 8 سالہ بچی کی بوری بند برہنہ لاش برآمد

کراچی میں 8 سالہ بچی کی بوری بند برہنہ لاش برآمد

لاش لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب نالے سے برآمد ہوئی، خدشہ ہے لاپتہ بچی کی ہو
کراچی میں 8 سالہ بچی کی بوری بند برہنہ لاش برآمد

ویب ڈیسک

|

19 Aug 2026

کراچی: لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب نالے سے 8 سالہ بچی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق لاش کی حالت سے واقعہ مشتبہ معلوم ہوتا ہے، تاہم بچی کی شناخت اور موت کی اصل وجہ کا تعین تفتیش کے بعد کیا جائے گا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں، جبکہ پولیس نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ کرائم سین کو محفوظ بنانے کے بعد پولیس نے وہاں سے شواہد اکٹھے کیے۔

پولیس کے مطابق بچی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے سے ایک بچی کی گمشدگی کی رپورٹ پہلے سے درج ہے، جس کے اہلخانہ کو شناخت کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ نالے سے ملنے والی لاش ممکنہ طور پر اسی لاپتا بچی کی ہوسکتی ہے، تاہم حتمی تصدیق شناخت اور دیگر قانونی کارروائی کے بعد ہوگی۔

واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ بچی کی شناخت، موت کی وجہ اور لاش نالے تک پہنچنے کے حوالے سے شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔

Comments

https://dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!